چیلنجز کیخلاف 65ءکے جذبے کی ضرورت ہے‘ پاک افواج کی ڈکشنری میں خوف کا لفظ نہیں: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965ءکی جنگ میں پاک افواج نے جرات اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں اور دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتے ہوئے اس کے دانت کھٹے کئے۔ پاک افواج نے جس دلیری سے دشمن کا حملہ پسپا کر کے اسے شکست فاش دی وہ اقوام عالم میں ایک درخشاں مثال ہے۔ پاکستان آرمی، فضائیہ اور بحریہ کے سرفروشوں نے دفاع وطن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے آج بھی اسی جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے جس کی بدولت 1965ءکی جنگ جیتی گئی۔ وزیر اعلی نے ان خیالات کا اظہار الحمرا آرٹ کونسل میں یوم دفاع کے حوالے سے پاک فضائیہ کے زیر اہتمام ”ایوی ایشن ایگزیبیشن2013“کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ پاک افواج نے 1965ءکی جنگ میں جو قربانیاں پیش کیں وہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی گئی ہیں اور قوم ان بے شمار قربانیوں کو قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہم نے آج غربت، بے روزگاری، ناانصافی، کرپشن اور دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ لڑنی ہے اور اس جنگ کو ہر صورت جیتنا ہے تا کہ ملک کو حقیقی معنوں میں قائدؒ اور اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر بنایا جا سکے۔ وزیراعلی نے نمائش میں رکھی گئی تصاویر دیکھیں۔ اس موقع پر مختلف دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب مبں وزیراعلیٰ نے کہا پاک افواج کی ڈکشنری میں خوف نام کا کوئی لفظ موجود نہیں۔ پاک افواج جذبہ ایمانی اور حب الوطنی سے سرشار ایک منظم فورس ہے۔ قبل ازیں شہباز شریف نے باٹاپور میں شہداءستمبر کی یاد گار پر حاضری دی، انہوں نے یاد گار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، شہداءکے لئے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔ ڈیفڈ کے وفد سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی تیز رفتار ترقی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے ملاقات کی۔