ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کا سلسلہ بند کیا جائے: حیدر عباس رضوی
کراچی(خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم ) کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف تمام سازشیں اور پروپیگنڈا ناکام ہوگیا ہے، مہاجرری پبلکن آرمی کا شوشہ چھوڑا گیا، نیٹوکنٹینرز غائب ہونے کی ذمے داری بھی بابر غوری پر تھوپ دی گئی، جس کو امریکی سفارتخانے نے من گھڑت قراردیا۔ امریکی سفارتخانے نے کراچی پورٹ سے 19 ہزار کنٹینرز کے چوری ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے اب ایم کیوایم کے خلاف سازشوں اور پروپیگنڈے کا سلسلہ بند ہوناچاہئے۔ جمعہ کو ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پرایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن حیدرعباس رضوی اور سابق وزیر پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹربابرخان غوری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں واضح الفاظ میں کراچی پورٹ سے 19 ہزار اسلحے سے بھرے کنٹینرز کی چوری کو جھوٹ قرار دیا گیا ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری نے کہا تمام انٹیلی جنس ایجنسیاں پورٹ پر موجود ہوتی ہیں ایسی صورتحال میں کنٹینرز غائب کرنا کسی کے لئے بھی ممکن نہیں۔ جس نے یہ الزام لگایا اسے چاہئے کہ اب وہ قوم سے معافی مانگے۔