یوسف رضا گیلانی کی ملاقات‘ آپریشن نہیں‘ کراچی کا مسئلہ سیاسی طور پر حل ہو سکتا ہے: مولانا سمیع الحق
نوشہرہ (نوائے وقت نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مولانا سمیع الحق نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی بازیابی کے لئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان میں بھی امن ہو گا۔ علی حیدر صرف میرا بیٹا ہی نہیں بلکہ انتخابی امیدوار بھی تھا، عام انتخابات میں امیدوار کا اغوا ہونا الیکشن کو متاثر کرنے کے برابر ہے، بیٹے کا اغوا ہونا ذاتی نقصان تھا۔ الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا قومی نقصان نہیں چاہتے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اپنے تعلقات استعمال کرتے ہوئے بیٹے کی بازیابی میں کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار 5 سال کی مدت پوری کی ہے۔ کراچی میں آپریشن کی بات ہو رہی ہے کراچی کا حل سیاسی ہے۔ سربراہ جے یو آئی (س) مولانا سمیع الحق نے کہا کہ جنگ سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا، سب مل کر کشتی کو منجدھار سے نکالیں گے۔ اتنا بڑا مسئلہ نہیں، حیدر گیلانی سرخرو ہو کر آئے گا۔