وزیرستان سے طالبان کی بڑی تعداد کراچی منتقل ہوگئی : گرفتار ملز م کا انکشاف
کراچی(این این آئی)کراچی میں گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ وزیرستان سے طالبان کی بڑی تعداد کراچی منتقل ہوگئی ہے۔انہوں نے تجارتی،صنعتی اور پوش علاقوں میں ملازمتیں بھی حاصل کر لی ہیں۔کراچی پولیس نے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کیا ہے کہ جسے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا مخبر بتایا جارہا ہے۔دوران تفتیش پیر محمد نے انکشاف کیا کہ کراچی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اراکین کی تعداد ان گنت ہے۔پیرمحمد کے مطابق وزیرستان میں فوجی آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والوں میں بڑی تعداد طالبان کی ہے جو کراچی میں آباد ہوگئے۔طالبان نے کراچی کے تجارتی، صنعتی اور پوش علاقوں میں ملازمتیں بھی حاصل کر لی ہیں جہاں سے وہ معلومات جمع کر کے بھیجتے ہیں ۔ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کی نشاندہی پر طالبان نے مشین ٹول فیکٹری میں ڈکیتی کی اور ایک تاجر کو تاوان کے لیے اغوا کیا۔سہراب گوٹھ تھانے کے ایس ایچ او نعیم کے مطابق ملزم سے تفتیش جاری جس میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔