امریکی مفادات عزیز ہیں مگر یہ مطلب نہیں وہ ہمارے روند ڈالے: فضل الرحمن
امریکی مفادات عزیز ہیں مگر یہ مطلب نہیں وہ ہمارے روند ڈالے: فضل الرحمن
چارسدہ+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثنا نیوز) امیر جمعیت علماءاسلام (ف) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ شام پر حملے کیلئے جھوٹے بہانے تلاش کر رہا ہے۔ پاکستان بیرونی قوتوں کو ملکی معاملات میں مداخلت کا موقع نہ دے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کرینگے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنانا اچھا اقدام ہے۔ دریں اثناءمولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اے پی سی میں مذاکرات اور مصالحت سے مسائل حل کر نے کے قومی مو قف کا اعادہ ہوگا۔ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے جے یو آئی نے ماضی میں جرگے کو قومی قیادت کی جانب سے تائید حاصل کراکر یہ ثابت کردیا کہ قومی اتفاق رائے ناممکن نہیں، سیاستدان آپس میں بھلے اختلاف اور تنقید کرتے ہوں لیکن بدامنی اور دہشت گردی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا احساس رکھتے ہیں۔ گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے کہا مذاکرات کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی جنگ اور ملک میں شریعت کے حوالے سے نوجوانوں میں تشنگی اور تشویش دور کر نے کے مسئلے کو بھی اوّلین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوباما کو صرف امریکی مفادات عزیز ہیں، دنیا کے نہیں، ہمیں بھی امریکی مفادات عزیز ہیں اور ان کا تحفظ چاہتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے مفادات کو روندتا چلا جائے۔ ہمارے بھی قومی مفادات اور سلامتی کا معاملہ ہے۔ کراچی میں آپریشن سے مطمئن نہیں، تمام جماعتوں کو چاہئے کہ جرگے کی صورت میں بیٹھیں۔ خیبر پی کے حکومت ناکام ہو چکی، وزیراعلیٰ چند روز کے مہمان ہیں۔
فضل الرحمن