مقبوضہ کشمیر :4 نوجوانوں کی شہادت کے خلاف ہڑتال ‘ مظاہرے ‘ یاسین ملک گرفتار
سرینگر (آن لائن + نوائے وقت نیوز) مقبوضہ کشمیر کے قصبے شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں 4 بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کیخلاف حریت کانفرنس کی کال پر وادی بھر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال‘ کاروباری مراکز بند‘ سڑکیں سنسان رہیں‘ حریت قائدین کا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے اور معصوم کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے کا مطالبہ۔ شوپیاں میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت کیخلاف سید علی گیلانی‘ میر واعظ عمر فاروق‘ یٰسین ملک و دیگر حریت رہنماﺅں کی کال پر اتوار کے روز وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ حریت قائدین نے بھارتی فوج کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کا نوٹس لے اور معصوم کشمیریوں کا قتل عام بند کروائے۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں کشمیریوں کے مظاہرے اور احتجاج کو روکنے کیلئے دوسرے روز بھی کرفیو نافذ کئے رکھا۔ اس دوران مارکیٹیں اور بازار بند رہے۔ ایک روز قبل شوپیاں میں بھارتی فوج نے 4 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔ اے پی پی کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک سمیت بیسیوں افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں۔