• news

طاقت کے استعمال کا ذکر نہیں اعلامیہ جتنا مفصل اتنا ہلکا۔۔۔

اسلام آباد (بی بی سی) ک±ل جماعتی کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جتنا مفصل ہے اتنا ہی ہلکا بھی ہے۔ اس میں اچھی میٹھی گاجریں تو بہت ہیں لیکن مذاکرات میں سنجیدگی نہ دکھانے پر کسی ڈنڈے کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ اس بیان سے تاثر یہ دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ حکومت معاملات میں حاوی ہے اور وہ ایک مضبوط پوزیشن سے بات کر رہی ہے۔ اگر اور مگر کا اس اعلامیے میں جان بوجھ کر کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ اگر طالبان سے بات چیت کامیاب نہ ہوئی تو دوسری آپشن کیا ہوگا؟ طاقت کے استعمال کا کہیں بھی ذکر نہیں ہے۔ آٹھ نکاتی فارمولے میں پاکستانی طالبان کا نام نہیں لیا گیا ہے، نہ ہی شدت پسند جیسی اصطلاح یا دہشت گرد جیسے سخت لفظ کا استعمال کیا گیا ہے۔ ماضی کے اس قسم کے اجلاسوں سے اس میں کوئی زیادہ فرق نہیں۔ ہاں ماضی کا رونا ضرور ہے کہ اس قسم کی ک±ل جماعتی کانفرنسوں اور پارلیمانی قراردادوں پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔ تاہم اس میں کسی کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹہھرایا گیا ہے یا اس کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ ایک بڑی بات اس میں کسی مدت کا تعین نہیں کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ثالثوں کا انتخاب کر کے کب تک مذاکراتی عمل کو شروع کرنے کے پابند ہیں۔ یہ کل بھی ہوسکتا ہے اور آئندہ سال بھی۔ شاید جان بوجھ کر کوئی مدت نہیں رکھی گئی تاکہ مسلم لیگ (نون) کی حکومت تسلی سے بات چیت کی تیاری اور آغاز کرے۔ یا اس کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ کسی معاہدے تک پہنچنے تک حکومت اس کا کوئی اعلان نہ کرے۔ اخبارات میں آنے سے شہہ سرخیاں تو بن جائیں لیکن بات چیت آگے نہ بڑھ پائے۔ شاید اسی لیے حکومت کی رضا پر اسے چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس مرتبہ بات صرف شدت پسندوں تک محدود نہیں تھی اور کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی اور بلوچستان میں ناراض بلوچوں سے مذاکرات شروع کرنے کی بات بھی کی گئی اور اسے فیصلے کا حصہ بنایا گیا۔ شاید طالبان سے تو مذاکرات کے لیے فضاءسازگار دکھائی دے رہی ہے لیکن بلوچستان کی حد تک حالات کچھ زیادہ امید افزا نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن