صدر کے حلف کا متن
اسلام آباد (آن لائن) ملک کے بارہویں صدر مملکت ممنون حسین نے آئین کے تحت پیر کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور عہد کیا وہ آئین کو نہ صرف برقرار رکھیں گے بلکہ اس کا تحفظ اور دفاع کریں گے۔ ان کے حلف کا متن کچھ اس طرح تھا۔ ”میں ممنون حسین صدق دل سے حلف اٹھاتا ہوں میں مسلمان ہوں ‘ اﷲ تعالیٰ وحدت اور توحید قطب الہیہ جن میں قرآن پاک آخری کتاب ہے‘ نبوت حضرت محمد رسولﷺ بحیثیت خاتم النبین جن کے بارے میں کوئی نبی نہیں آسکتا، روزِ قیامت اور قرآن و سنت کے جملہ تقاضوں اور تعلیمات پر ایمان رکھتا ہوں کہ میں خلوصِ نیت سے پاکستان کا حامی اور وفادار رہوں گا کہ بحیثیت صدر پاکستان میں اپنے فرائض ایمانداری ‘ انتہائی صلاحیت اور وفاداری کے ساتھ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور اور قانون کے مطابق اور ہمیشہ پاکستان کی خود مختاری ‘ سالمیت‘ استحکام‘ بہبودی اور خوشحالی کی خاطر انجام دوں گا یہ کہ میں اسلامی نظریہ کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں رہوں گا جو قیام پاکستان کی بنیاد ہے یہ کہ میں اپنے ذاتی مفاد کو اپنے سرکاری کام یا اپنے سرکاری فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہونے دوں گا۔ یہ کہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کو برقرار رکھوں گا اور اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا۔ یہ کہ میں ہر حالت میں ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ بلاخوف و رعایت اور بلا رغبت و عناد قانون کے مطابق انصاف کروں گا۔ اور یہ کہ میں کسی شخص کو بلاواسطہ یا بلواسطہ کسی ایسے معاملے کی نہ اطلاع دوں گا اور نہ اسے ظاہر کروں گا جو بحیثیت صدر پاکستان میرے سامنے غور کیلئے پیش کیا جائیگا یا میرے عمل میں آئیگا بجز جبکہ بحیثیت صدر اپنے فرائض کی کماحقہ انجام دہی کیلئے ایسا کرنا ضروری ہو۔ اﷲ تعالیٰ میری مدد اور ہنمائی فرمائے۔آمین!“