• news

پاکستان کشمیر پر اپنی پالیسی کے باعث بین الاقوامی سازشوں کا شکار ہے: پاکستانی مندوب

نیویارک (آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان نے مسئلہ کشمیر کی ناکامی کا ذمہ دار بین الاقوامی برادری کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سب سے بڑی ناکامی کشمیر پر اس کی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونا ہے۔ معروف کشمیری رہنما کیپٹن شاہین بٹ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ قیام پاکستان کیساتھ ہی پاکستان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ایسی جنگ ہر محاذ پر لڑی ہے کہ خود اس کا اپنا وجود خطرے میں پڑگیا لیکن کشمیریوں کی حمایت نہیں چھوڑی۔ پاکستان کی ہر منتخب اور غیر منتخب حکومت نے عسکری‘ سفارتی اور اخلاقی محاذ پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے جنگ کی۔ خود اس کا وجود بھی اس مقصد کے حصول کیلئے خطرے میں پڑگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سب سے بڑی ناکامی ہے کہ کشمیر پر اپنی ہی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرواسکی اور آج 193 ممالک کی برادری میں صرف پاکستان ہی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہندوستان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا اور لاکھوں شہداءنے راہ حق میں اپنی جانیں قربان کیں۔ جو لوگ پاکستان پر تنقید کرتے ہیں انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔ پاکستان اس غاصبانہ قبضے کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کیساتھ کھڑا ہے اور پاکستان بین الاقوامی سازشوں کا شکار بھی کشمیر پر اس کی پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ پاکستان، بھارت وزرائے اعظم ملاقاتوں کے بارے میں اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب مسعود خان نے کہا کہ بھارت اس ملاقات سے اسلئے گھبرا رہا ہے کہ کشمیر ایک بار پھر کہیں بین الاقوامی توجہ نہ حاصل کرلے۔ جبکہ مذاکرات ہی کسی مسئلے کا بہترین حل ہوتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن