• news

توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں‘ مسائل سے نجات کا عزم کر رکھا ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی، توانائی، بےروزگاری اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک و قوم کو مسائل سے نجات دلانے کا عزم کر رکھا ہے اور انشاءاللہ ہم عزم و ہمت اور جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی منزل ضرور پائیں گے۔ توانائی کے شدید بحران نے زندگی کے تمام شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ قومی معیشت بدحالی کا شکار ہے، صنعتوں کا پہیہ رکنے سے بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو عوام نے مسائل کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت اس جانب سنجیدگی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب قوم کو تمام مسائل سے نجات ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز صوبے میں توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے تعاون سے ہزاروں میگاواٹ بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ بجلی پیدا کرنے کے روایتی ذرائع سے ہٹ کر متبادل طریقوں سے بجلی کے حصول پر کام کر رہے ہیں۔ کوئلے، شمسی، ہائیڈل، گنے کے پھوگ اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے ملکی و غیر ملکی توانائی کی کمپنیوں سے متعدد معاہدے کئے گئے ہیں۔ چین کی بہت سی کمپنیوں نے پنجاب میں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے رضامندی ظاہر کی ہے۔ پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح توانائی کے بحران پر قابو پانا اور صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے توانائی کی بلاتعطل فراہمی ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بہاولپور میں دس ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر قائداعظم سولر پارک بنانے کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ گڈانی میں کوئلے سے 6600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے توانائی کے حصول کے نئے منصوبے لگانے کے ساتھ ساتھ توانائی کی بچت کے لئے بھی موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔ آئندہ کے لئے بننے والی ہا¶سنگ سکیموں، گھروں اور کمرشل پلازوں میں شمسی توانائی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ پنجاب حکومت بجلی اور گیس چوری کے خاتمے کے حوالے سے بھی اپنا م¶ثر کردار ادا کر رہی ہے۔ بڑے بجلی و گیس چوروں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کی بجلی و گیس چوروں کے خلاف جاری مہم کے نتیجے میں اربوں روپے کی بچت ہوئی ہے۔ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے حوالے سے پنجاب حکومت کے م¶ثر اقدامات کے یقیناً حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوں گے۔ ہم اجتماعی کاوشوں اور اجتماعی بصیرت سے قوم کو توانائی کے مسئلے سے نجات دلانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ دریں اثناءشہباز شریف نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم صالح الغدیر سے گذشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے فیصل آباد میں سکالر شپ ہولڈر طالب علم منصور پر تشدد کے و اقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن