زرداری کی سندھ کابینہ کے اجلاس میں شرکت، بھٹو خاندان کی قبروں پر حاضری
لاڑکانہ (ثناءنیوز) سابق صدر زرداری کو سندھ کابینہ کے خصوصی اجلاس میں کراچی میں امن و امان اور آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائیکابینہ نے آصف زرداری کو بطور صدر پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ آصف زرداری نے گڑھی خدا بخش میں بھٹو خاندان کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ زرداری نے منگل کو گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو ، ذوالفقار علی بھٹو اور بھٹو خاندان کے دیگر افراد کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی خدشات پر سابق صدر کے کارکنوں سے خطاب کی تقریب منسوخ کردی۔ اس کے بعد سابق صدر نوڈویرو ہاﺅس گئے جہاں انہوں نے سندھ کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی۔کابینہ کے اجلاس میں لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی اجلاس مین کراچی میں آپریشن اور امن و امان کی صورتحال اور صوبہ میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ نے سابق صدر اور کابینہ کو کل جماعتی کانفرنس میں شرکت اور فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اعتماد میں لیا۔