کراچی میں پھر خونریزی ‘2 پولیس اہلکاروں ‘ باپ بیٹے سمیت 13 افراد قتل
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں ایک دن کے وقفے سے منگل کو دوبارہ تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں حق پرست ناظم باپ بیٹے اور دو پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد جان سے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاﺅن سیکٹر 11 طوری بنگش کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار افراد نے یونین کونسل کے سابق ناظم اور متحدہ قومی موومنٹ کے سابق یونٹ انچارج 30 سالہ عبدالرشید ناگرا کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے ۔ ادھر نیو کراچی نمبر پانچ نالہ سٹاپ کے نزدیک مسلح افراد نے مذہبی جماعت کے کارکن 50 سالہ ناصر عطاری کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ جمشید کوارٹر کے علاقے میں رکشہ ڈرائیور 52 سالہ رئیس کو اسکے دوست جمیل ولد خلیل الرحمان نے جھگڑے کے دوران سر پر پتھر مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس نے ملزم جمیل کو گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں ملیر ہالٹ ریلوے سٹیشن کے نزدیک 35 سالہ ایک شخص کو کسی بھاری چیز سے سر کچل کر ہلاک کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی۔ لیاری کے علاقے لی مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک دوسرا زخمی ہو گیا۔ دونوں کی شناخت نہ ہو سکی۔ ادھر فشریز کے علاقے میں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وار کا اہم رکن شفیع پٹھان مارا گیا۔ اسکے 2 ساتھی گرفتار ہو گئے۔ ناظم آباد گول مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نور الایمان مسجد کی کمیٹی کے چیئرمین جاں بحق ہو گئے۔ نیو کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے رکشے میں سوار باپ مستنصر اور بیٹا مصطفی دم توڑ گئے۔ ابراہیم حیدری کے علاقے میں نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر گولیاں برسا دیں جس سے 2 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ دونوں ابراہیم حیدری تھانے میں متعین تھے۔ ادھر اولڈ ریس کورس گراﺅنڈ نامی حساس علاقے کی حدود میں گھسنے سے روکنے پر موٹر سائیکل سوار دو افراد نے فائرنگ کر دی جس سے ایک حساس ادارے کا اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کر نے والے اداروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں مطلوب 4 ملزموں سمیت 26 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے ناظم آباد گول مارکیٹ سے بھتہ خور عبدالستار کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب لیاری ہزارہ کالونی میں چاکیواڑہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے بھتہ خور عامر اور اسکے ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ہزارہ کالونی سے ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں مطلوب 2 ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ خاموش کالونی میں مبینہ بھتہ خورکو گرفتارکر لیا۔ ایس ایس پی اسد رضاکے مطابق ملزم عبدالستار گبول نے ناظم آباد میں پکوان سنٹر سے پانچ لاکھ بھتہ طلب کیا تھا۔