سندھ کی تقسیم کا مطالبہ عوام پر حملہ ہے: شرجیل میمن، ایاز پلیجو
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے الطاف حسین کے خطاب پر وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم عوام کو قبول نہیں۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام اس مطالبے کو خود پر حملہ سمجھتے ہیں سندھ کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ صوبوں کا مطالبہ کرکے دیگر معاملات کو الجھایا جا رہا ہے سندھ کو تقسیم کرنے کا ایجنڈا بیرونی طاقتوں کو خوش کرنا ہے صوبوں پر اے پی سی کی مخالفت کرینگے۔ امیرجماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ اس مطالبے پر ردعمل لندن میں دوں گا۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے صدر سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ سندھ میں نئے صوبے بنانے کے ایم کیو ایم کے مطالبے کی ہم بھرپور مخالفت کریں گے بلوچستان میں فرقہ واریت، قومیت پرستی، ریاستی دہشتگردی ہے یہ تینوں اہم مسائل ہیں۔ صوبے بنانے سے لوگوں میں نفرتیں و کدورتیں بڑھیں گی۔ تحریک صوبہ ہزارہ کے قائد بابا حیدر زمان نے الطاف حسین کے نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کی حمایت کی ہے۔ متحدہ کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک میں عوام کے مسائل حل کرنے اور غیر منصفانہ تقسیم کے خاتمے کے لئے نئے انتظامی یونٹس کے تحت صوبے بننے چاہئیں۔ ملک میں اس وقت غیر منصفانہ تقسیم کا نظام رائج ہے اور عوام کے احساس محرومی کو دور کرنے کے لئے ضروری ہے وفاقی حکومت ہمدردانہ غور کرے۔