• news

شاہدرہ: بیٹا نہ ہونے پر سنگدل باپ نے 2 سالہ بچی کو راوی میں پھینک کر مار ڈالا

لاہور (نامہ نگار+این این آئی) سنگدل باپ نے بیٹے کی پیدائش نہ ہونے پر کمسن بیٹی کو دریائے راوی میں پھینک دیا جبکہ ماں نے مزاحمت کر کے دوسری بیٹی کو دریا برد ہونے سے بچا لیا‘ پولیس نے ماں کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے باپ کو گرفتار کر لیا جس نے اعتراف جرم کر لیا جبکہ دریا سے کمسن بچی کی نعش تاحال تلاش نہیں کی جا سکی۔ تفصیلات کے مطابق سلامت پورہ کے رہائشی رکشہ ڈرائیور عمر کی شادی سمیرا سے ہوئی تھی جس میں سے ان کی دو سال کی بیٹی تھی جبکہ اس کے ہاں ایک اور بچی کی پیدائش ہوئی جس پر وہ طیش میں آ گیا۔ بتایاگیا ہے کہ عمر گذشتہ روز بہانہ کر کے اپنی اہلیہ اور دونوں بیٹیوں کو لیکر دریائے راوی پر پہنچ گیا جہاں اس نے اپنی دو سالہ بیٹی زینب کو دریا میں پھینک دیا۔ ملزم اپنی دوماہ کی بیٹی کو بیوی سے چھین کر پھینکنے ہی لگا تھا کہ سمیرا نے مزاحمت کر کے اسے چھین لیا جس پر عمر اسے وہیں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ مدعیہ نے شاہدرہ تھانے جا کر فریاد کی تو اس کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دریائے راوی میں پانی کا بہاﺅ انتہائی تیز ہونے کی وجہ سے تلاش کے باوجود بچی کی نعش نہیں مل سکی۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے اپنی سنگدلی کو غربت کا شاخسانہ قرار دیا جبکہ اس کی اہلیہ نے کہا ہے کہ اس نے دوسری بیٹی کی پیدائش کو تسلیم ہی نہیں کیا۔

ای پیپر-دی نیشن