• news

ملکی دفاع کے لئے ائیر فورس کا کردار نہایت اہم ہے: ڈاکٹر مجید نظامی

لاہور (کلچرل رپورٹر) ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ ڈاکٹر مجید نظامی نے کہا ہے ملک کے دفاع کیلئے ائرفورس کا کردار نہایت اہم ہے، یہ ائرفورس ہی ہے جس کی وجہ سے دشمن کے طیاروں کو سرحد پار کرنے کی جرا¿ت نہیں ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاک فضائیہ کے زیراہتمام الحمراءآرٹ گیلری میں ایوی ایشن پینٹنگز اور کرافٹ ماڈلز کی پانچ روزہ نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے، ملک پر حکومت کرنا نہیں۔ ایوب خان سے لے کر پرویز مشرف تک سب فوجی حکمرانوں کے ساتھ میرا اِٹ کھڑکا رہا ہے۔ میں نے ہر ایک سے کہا آپ سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں اور تخت و تاج کی طرف مت دیکھیں۔ پاک فضائیہ کی ترقی میں ائرمارشل اصغر خان اور ائرمارشل نور خان کا زبردست کردار ہے۔ ان کے ساتھ میری ملاقاتیں رہی ہیں۔ اصغر خان سے تو بہت ملاقاتیں رہی ہیں۔ اصغر خان نے سیاسی جماعت تحریک استقلال بنائی جس پر مجھے تعجب ہوا کہ اصغر خان سیاسی جماعت کیسے چلائیں گے۔ جہاں تک پاک فضائیہ کے حوالے سے اس نمائش کا تعلق ہے میں سمجھتا ہوں آرٹسٹ حسینی نے اچھی تصویریں بنائی ہیں۔ ان تصویروں کو عام کرنے کی ضروت ہے تاکہ نوجوان نسل ان سے مستفید ہو سکے۔ انہوں نے کہا بری، نیوی اور فضائیہ تینوں افواج ہی اہم ہیں لیکن ان میں فضائیہ کی خاص اہمیت ہے۔ فضائیہ کی بدولت دشمن کے طیاروں کو سرحد پار کرنے کی ہمت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا 65ءکی جنگ میں کھیم کرن اور چونڈہ کا محاذ میں نے دیکھا، وہ بھارت کے ٹینکوں کا قبرستان تھا۔ انہوں نے کہا پاک فضائیہ بہت اہم ہے، نوجوانوں کو چاہئے اس میں شامل ہوں۔ اب تو پاک فضائیہ میں خواتین بھی شامل ہو رہی ہیں جو اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا خدا کا شکر ہے ہماری فضائیہ بہت مضبوط ہے۔ ایم ایم عالم نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے پانچ جہاز گرا کر ایک ریکارڈ قائم کیا۔ میں سمجھتا ہوں ہم پانچ دس ایم ایم عالم اور پیدا کر لیتے تو بھارت ہمارے ساتھ جنگ کا کبھی نہ سوچتا۔ اللہ کا شکر ہے ہم ایٹمی قوت بن چکے ہیں۔ اس میں میرا بھی کچھ ہاتھ ہے۔ نواز شریف سوچ رہے تھے دھماکہ کروں یا نہ کروں، کچھ ایڈیٹرز کہہ رہے تھے دھماکہ نہ کریں لیکن میں نے کہا میاں صاحب! آپ دھماکہ کر دیں، آپ نے دھماکہ نہ کیا تو قوم آپ کا دھماکہ کر دے گی۔ میاں نواز شریف نے دھماکہ کر کے چاغی سے مجھے ٹیلی فون کیا ”میں نے دھماکہ کر دیا ہے، آپ سختی سے نہ کہتے تو میں شاید دھماکہ نہ کرتا“۔ بس میرا اس کام میں اتنا ہاتھ ہے۔ میں آپ لوگوں کیلئے دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو مزید ترقی دے۔ آپ نے اچھی تقریب کا اہتمام کیا، ایسی تقریبات کرتے رہیں تاکہ نوجوان نسل کو پاک فضائیہ کے بارے میں آگاہی ہو۔ قبل ازیں ائرکموڈور سرفراز خان نے کہا اس نمائش میں رکھے گئے فن پاروں میں آرٹسٹ حسینی نے پاک فضائیہ کے ارتقائی مراحل کو بڑی خوبصورت کے ساتھ پیش کیا ہے۔ لوگوں نے اس نمائش کو بہت پسند کیا ہے خصوصاً سکول و کالج کے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں اس نمائش میں شرکت کی اور وطن کی فضائی سرحدوں کے نگہبانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نمائش میں رکھی گئی تصویروں کے خالق گروپ کیپٹن (ر) مسعود اختر حسینی نے کہا اس نمائش میں 200 سے زائد فن پارے رکھے گئے ہیں جن میں پاک فضائیہ کے قیام سے لے کر اب تک کے ارتقائی مراحل خصوصاً جنگ ستمبر 1965ءمیں پاک فضائیہ کے کردار کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن