ایشین ویمن ہاکی چیلنج کپ کھیلنے کے بعد قومی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) تھائی لینڈ میں ایشین ویمن ہاکی چیلنج کپ کھیلنے کے بعد قومی ویمن ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ وطن واپسی پرکوچ محمد عثمان اور کپتان آمنہ میرنے ٹورنامنٹ میں کاکردگی کو تسلی بخش قرار دیا۔ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کوچ محمد عثمان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی ماضی کی نسبت بہتر رہی۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال اسی ٹورنامنٹ میں قومی ویمن ٹیم چھٹے نمبر پر تھی اور اب دو درجے ترقی پا کر چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔ کپتان آمنہ میر کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں تمام ٹیمیں پاکستان سے بہتر رینکنگ کی تھی مگر اس کے باوجود ٹیم کی کھلاڑیوں نے مخالف ٹیموں کو ٹف ٹائم دیا۔ قومی ویمن ہاکی کو فروغ دینے کے لیے بہتر ڈومیسٹک سسٹم کے ساتھ سال میں دو تین بین الاقوامی ٹورز بھی کرانے چاہئے۔