• news

ہاکی ٹیم کی شرمناک کارگردگی ‘تمغے واپس کردینگے :سابق اولمپیئنز

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کے سابق ہاکی اولمپئنز نے ورلڈ کپ سے باہر ہوجانے اور ٹیم کی شرمناک کارکردگی پر وزیراعظم نواز شریف سے مداخلت کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن کی حیثیت سے قومی کھیل کا نام ونشان مٹنے سے بچائیں۔سابق ہاکی اولمپئنز کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد کا رخ کریں گے اور اگر حکومت نے کوئی توجہ نہ دی تو وہ اپنے جیتے گئے تمام تمغے اور پرائیڈ آف پرفارمنس واپس کر دینگے۔سابق اولمپئنز اصلاح الدین، شہناز شیخ، قمرضیا، ایاز محمود، قمرابراہیم، رشید الحسن، وسیم فیروز، سمیر حسین اور متعدد دوسرے کھلاڑیوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہاکی پاکستان کی شناخت تھی لیکن ان پانچ برسوں میں یہ شناخت ختم کردی گئی ہے۔نتائج خود بولتے ہیں۔ پانچ سال کی کارکردگی سب کے سامنے ہے اور اب تبدیلی کے سوا کوئی اور راستہ نہیں رہا۔اس فیڈریشن کو بہت وقت مل گیا اب کوئی گنجائش نہیں رہی۔سابق اولمپئنز کو فیڈریشن کے عہدے حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ اس کھیل کا کھویا ہوا وقار واپس لایا جائے اور وہ فوری طور پر وزیراعظم سے ملاقات کر کے انہیں ہاکی کی تباہی کے بارے میں بتانا چاہتے ہیں اس ملاقات کا وعدہ وفاقی وزیر بھی کر چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن