بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر دوسرے روز بھی بلااشتعال فائرنگ، گولہ باری
کوٹلی/ لنجوٹ (نیوز ایجنسیاں) آزاد کشمیر کے سیکٹر نکیال میں بھارتی فوج نے دوسرے روز پھر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے۔ بھارت کی سول آبادی پر فائرنگ اور گولہ باری سے بچے سکولوں میں محصور ہو کر رہ گئے‘ علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی نے دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔ بدھ کی دوپہر بھارت کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال کے سیکٹر لنجوٹ اور ملحقہ سرحدی علاقوں میں پھر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی۔ فائرنگ و گولہ باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے 5 گھنٹے تک جاری رہا۔ بھارتی فوج نے بھاری توپ خانہ کے استعمال کے ساتھ سول آبادی پر مارٹر گولے بھی پھینکے۔ ادھر بھارتی فوج نے ایک بار پھر پاکستانی فورسز پر ایل او سی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے 5بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فوج نے کہا ہے کہ پاکستانی سیکورٹی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پونچھ کے میندھرا سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی اس دوران چھوٹے اور درمیانے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی اور گرنیڈ استعمال کیے گئے۔ بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ دوپہر ساڑھے 12بجے پیش آیا۔ علاوہ ازیں بھارتی اخبار کے مطابق ایل او سی پر تعینات بھارتی بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر اے سین گپتا نے کہا ہے کہ ایل او سی پر لگائی گئی تین سطحی باڑ در اندازوں کے لیے موت کا شکنجہ ہے اور در اندازوں کے لیے سرحد پار سے بھارتی علاقے میں گھسنا ناممکن ہے۔ ایک خبر رساں ادارے کو اپنے انٹرویو میں سین گپتا نے الزام لگایا کہ سرحد پار اگلے مورچوں اور پوسٹوں سے فائرنگ اس لیے کی جاتی ہے تا کہ سرحدوں پر تعینات بھارتی فوجیوں کے کام میں مداخلت کر کے مسلح عسکریت پسندوں کو در اندازی کر نے میں کامیابی دلائی جا سکے۔ دوسری جانب میجر جنرل وی پی سنگھ نے کہا کہ رواں سال سرحد پار سے کوئی دراندازی نہیں ہوئی اور اس حوالے سے جتنی بھی کوششیں ہوئی ہیں ان کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ تجزیہ کاروں اور دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ ماہ پاکستانی فورسز پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے سرحد پار سے گھس کر 5 بھارتی فوجیوں کو قتل کر دیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جب بھارت کی سرحدوں پر سکیورٹی اتنی سخت ہے اور خاردار تاروں اور باڑ کی تین تہیں بنائی گئی ہیں اس میں سے کوئی بھی نہیں گزر سکتا۔ اے سین گپتا اور وی بی سنگھ کا بیان ان کے اپنے ہی دعوﺅں اور پڑوسی ملک کی فوج پر لگائے گئے الزامات کی نفی ہیں۔