اسلام آباد: اینٹیں مار مار کر قتل کئے جانیوالے دونوں پولیس اہلکار ڈیوٹی پر نہیں تھے: حکام
اسلام آباد (آئی این پی) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت کے تھانہ ترنول کے علاقے ڈورہ میں اےک اے ایس آئی اور ایک کانسٹیبل کو لوگوں کی طرف سے اینٹیں مار مار کر جبکہ پولیس فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رول فراصت علی خان کو انکوائری افسر مقرر کردیا۔ دوسری طرف آئی جی اسلام آباد نے و اقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی۔ بدھ کو ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد سکندر حیات اور ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان نے طویل کے مشاورت کے بعد تھانہ ترنول کے علاقے ڈورہ میں اے ایس آئی محمد رمضان، کانسٹیبل محمد عنصر اور مقامی شخص ندیم احمد کی ہلاکت کی تحقیقات کو غیر جانبدارانہ بنانے کے لئے جو ڈیشل انکوائری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پولیس پر جانبداری کا الزام نہ لگ سکے۔ ایس ایس پی اسلام آباد کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رورل فراصت علی کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے تین روز تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کو بھی واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مرنیوالا پولیس افسر اور کانسٹیبل وقوعہ کے وقت ڈیوٹی پر نہیں تھے۔