کراچی کو دہشت گردوں، بھتہ خورورں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا: شرجیل میمن
کراچی( اے این این)سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں کسی سیاسی جماعت کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا، پولیس اور رینجرز کی کارروائی کو سیاسی یا لسانی رنگ نہ دیا جائے، شہر کو دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، ٹارگٹڈ آپریشن انٹیلی جنس اداروں کی مدد سے ہو رہا ہے۔ کراچی میں پولیس اور رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے اس میں کسی سیاسی جماعت کو ہدف نہیں بنایا جارہا، ہم شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرینگے۔ کراچی کسی ایک جماعت کا شہر نہیں یہاں تمام جماعتوں اور پورے ملک سے لوگ رہ رہے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کو سیاسی یا لسانی رنگ نہ دیاجائے، سیاسی جماعتیں شہر میںقیام امن اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلئے حکومت کی مدد کریں۔