پی آئی اے کی قسمت کا فیصلہ آج ہوگا: ذرائع، بند کر سکتے ہیں: احسن اقبال
اسلام آباد (عترت جعفری) پی آئی اے کے مستقبل کے بارے میں آج فیصلہ کیا جائے گا اور ایک اجلاس میں وزیراعظم کو ادارے کے مستقبل کے بارے میں تین مختلف آپشنز کے بارے میں پریزنٹیشن دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ پریزنٹیشن میں یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ ادارہ بدانتظامی اور نااہلی کا شکار ہو چکا ہے۔ تین آپشنز میں پی آئی اے کو بند کرنے‘ سٹریٹجک سرمایہ کار کو 26 فیصد شیئرز فروخت کر کے انتظامی کنٹرول کی منتقلی اور ادارے کو بہتر بنا کر اپنے پا¶ں پر کھڑا کرنے کی ایک آخری کوشش کرنا شامل ہیں۔ اس آخری کوشش کے منصوبے کے تحت بتایا جائے گا کہ پی آئی اے کے کل 34 ہوائی جہازوں میں سے 26 چل رہے ہیں۔ قبل ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ملائیشیا کے وزیر کارکردگی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں عندیہ دیا تھا کہ نقصانات سے دوچار پی آئی اے کو بند کیا جا سکتا ہے۔ اس سے قومی خزانہ کو 36بلین روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ ہر بار سرکاری تحویل کے اداروں کے بیل آﺅٹ پیکیج دیتی رہے۔ حکومت آئندہ سرکاری خزانہ سے پی آئی اے کو کوئی مالی امداد نہیں دیگی۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ملائشیا کی کامیابی سے سبق سیکھنا چاہئے۔ حکومت پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ اور وژن 2025ءتیار کر رہی ہے تاکہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔ آئی این پی کے مطابق ملائشیا کے وزیر برائے کارکردگی دتو ادریس جالا نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں پر عملدر آمد نہ ہو نا پاکستانی ترقی کی راہ میں دو بڑی رکاوٹیں ہیں۔