شکست کی ذمہ داری قبول‘ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ مستعفی
شکست کی ذمہ داری قبول‘ سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ مستعفی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے شفاف انتخابات کرانے کے لئے عہدے سے استعفٰی دیدیا ہے۔ پی ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقدہ 25 ویں اجلاس کے بعد پرنم آنکھوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ پانچ سال پوری دیانتداری اور سخت محنت کے ساتھ قومی کھیل کی خدمت کی ہے۔ اس بات کا ارادہ کیا تھا کہ ایشیا میں پاکستان ہاکی کو زندہ کرنے کے ساتھ اپنی بالادستی قائم کرینگے جس میں ہم کامیاب رہے ہیں۔ اپنے پانچ سالہ دور میں گراس روٹ لیول پر پاکستان ہاکی کو ترقی دینے کے لیے اقدامات کیے۔ قاسم ضیاءایشین ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ میں نامزد ہوئے جبکہ کمپیٹیشن کمیٹی میں میرا نام شامل کیا گیا جبکہ کوچنگ کمیٹی میں طاہر زمان پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ عہدہ چھوڑنے کا ہرگز مطلب نہیں کہ پاکستان ہاکی کو چھوڑ کر چلا جاوں گا میری پاکستان ہاکی کی ترقی کے لیے ہر وقت خدمات حاضر ہیں۔ میڈیا نے مجھے پانچ سالہ دور میں بھرپور سپورٹ کیا جس کی وجہ سے بھی مجھے ہاکی کو زندہ کرنے میں مدد ملی۔ آصف باجوہ نے سابق اولمپیئن سے اپیل کی کہ جس طرح انہوں نے میرے پانچ سالہ دور میں میری ٹانگیں کھینچی ہیں امید کرتا ہوں اب وہ اولمپئن میرے جانے کے لئے نئے سیکرٹری رانا مجاہد کے ساتھ تعاون کرینگے۔