سیالکوٹ بائی پاس روڈ گوجرانوالہ کی حالت زار
مکرمی! جی ٹی روڈ گوجرانوالہ سے جو سڑک نکلتی ہے وہ سیالکوٹ بائی پاس تک سنگل روڈ تھی اور سٹریٹ لائٹ بھی لگی ہوئی تھی تھوڑا عرصہ ہوا اس سڑک کو ڈبل روڈ بنا دیا گیا ہے مگر پل فیروز والہ سے لے کر پل چھچھر والی تک دونوں سڑکوں پر اس قدر غلاظت اور گندگی ہے کہ الاماں بالخصوص رحمان بگا آئس فیکٹری سے لے کر فیروز والہ پل تک بھینسوں‘ گائیوں اور دیگر جانوروں کا گوبر سڑکوں پر روزانہ پھینکا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان سڑکوں پر اس قدر تعفن گندگی اور غلاظت ہے کہ یہاں سے گزرنا محال ہے۔ اندیشہ ہے کہ یہاں پیدا ہونے والے ڈینگی مچھر سارے شہر کولپیٹ میں لے لیںگے۔ اس کے علاوہ ان دونوں پلوں کے درمیان تعمیراتی سامان (ریت و بجری۔ اینٹیں) فروخت کرنے والوں نے سڑک کے اوپر تعمیراتی سامان کے ڈھیر لگا رکھے ہیں جس کی وجہ سے یہاں سے ٹریفک کا گزرنا نہایت مشکل ہو گیا ہے۔ سڑک پر رات کو اندھیرا ہوتا ہے اور سٹریٹ لائٹ کا کوئی انتظام نہ ہے۔ ون وے ٹریفک کی پابندی نہیں کی جاتی اور آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں۔ ٹریفک پولیس کا کوئی اہلکار ون وے ٹریفک کی پابندی کروانے کے لئے سڑکوں پر موجود نہ ہے۔ یہ حالات کمشنر صاحب گوجرانوالہ ڈویژن ڈی سی گوجرانوالہ اور افسران محکمہ ہائی ویز کے علم میں بار بار لائے جا چکے ہیں۔ مگر کوئی توجہ نہیں دیتا۔ میاں شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب کی خدمت میں گزارش کی جاتی ہے کہ ان مسائل کا سدباب کریں۔ (خواجہ عبدالرشیدگولڈ میڈلسٹ تحریک پاکستان اشرف ٹائون نزد فیروز والہ پل گوجرانوالہ )