ملا برادر کی رہائی مثبت فیصلہ، افغانستان میں امن قائم ہوگا: بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن
لاہور (خبر نگار) آئی ایس آئی پنجاب کے سابق سربراہ بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن نے کہا ہے کہ ملا عمر کے قریبی ساتھی ملا عبدالغنی برادر کی رہائی کا معاملہ افغان صدر کرزئی اور وزیراعظم نوازشریف کی ملاقات میں طے پایا تھا۔ پاکستان ملا عبدالغنی برادر سے پہلے بھی 5 افغان طالبان کو رہا کر چکا ہے۔ افغانستان میں امن قائم کرنے کیلئے بات چیت شروع کرنے سے پہلے یہ اقدامات ضروری تھے۔ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئر (ر) اسلم گھمن نے کہا کہ اگر افغان طالبان سے بات کرنا ہے تو افغان طالبان کو رہائی دینا ہوگی۔ ملا عمر پاکستان نواز ہیں۔ اس سے افغانستان میں امن آئیگا ،طالبان کو افغانستان سے اسلحہ، پیسہ، امداد ملنا بند ہوگی تو وہ پاکستانی حکومت کی شرائط پر بات چیت پر مجبور ہوں گے۔