حکومت نے ’’مہاجر ری پبلکن آرمی‘‘ کا نام واپس لینے کا بیان حلفی بھجوا دیا
اسلام آباد(آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے کراچی بدامنی کیس میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ سے ’’مہاجرری پبلکن آرمی‘‘ کا نام واپس لینے کے لیے اٹارنی جنرل آفس کو بیان حلفی بھجوا دیا جو کیس کی آئندہ سماعت پر عدالت میں جمع کرا دیا جائے گا۔ وفاق کی رپورٹ کو خفیہ رکھنے کی استدعا کی گئی تھی تاہم اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے اس عام کر دیا۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں مہاجر ری پبلکن آرمی سے متعلق ایک سطر درج تھی اور اس میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں مہاجرری پبلکن آرمی سے متعلق رپورٹس کی تصدیق کرانا باقی ہے۔ رپورٹ پر متحدہ نے شدید احتجاج کیا تھا جس کے جواب میں وزیر داخلہ نے کراچی میں مہاجر ری پبلکن آرمی کی رپورٹ کو درست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسے خفیہ رکھنا چاہیے تھا۔ دریں اثناء سپریم کورٹ کا لارجر بنچ 18 سے 20 ستمبر تک کراچی میں امن و امان عملدرآمد کیس کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس افتخار چودھری بنچ کی سربراہی کرینگے۔