• news

سعودی عرب کی پاکستان کو اقتصادی بحالی کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد  (اے پی پی)  سعودی عرب نے حکومت پاکستان کے اقتصادی بحالی کے ایجنڈے کو سراہتے ہوئے ان کوششوں میں پاکستان کا بھر پورساتھ دینے کا یقین دلایا ہے۔پاکستان میں  سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الغدیز نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے جمعرات کو یہاں   ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال اورحکومت  کی جانب سے ملکی معیشت کے استحکام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سعودی سفیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم نوازشریف کی حکومت کی معیشت کے حوالے سے ترجیحات و توجہ کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کا ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا جس میں پاکستان میں مختلف منصوبوں میں معاونت اور اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین  قریبی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن