• news
  • image

حکومت کا ایشین جوجسٹو اینڈ بیلٹ ریسلنگ چیمپئن شپ کیلئے فنڈز جاری کرنے سے انکار

حکومت کا ایشین جوجسٹو اینڈ بیلٹ ریسلنگ چیمپئن شپ کیلئے فنڈز جاری کرنے سے انکار

لاہور (سپورٹس رپورٹر) حکومت پاکستان نے جوجسٹو فیڈریشن کو پانچویں ایشین جوجسٹو اینڈ بیلٹ ریسلنگ چیمپئن شپ 2013ءکے لئے فنڈز جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان جوجسٹو فیڈریشن کے صدر خلیل خان نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کمیٹی میاں ریاض حسین پیرزادہ کے ساتھ ملاقات کی۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل امیر حمزہ گیلانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ پاکستان جوجسٹو فیڈریشن پر سپورٹس پالیسی لاگو ہوتی ہے جس کی بناءپر انہیں فنڈز جاری نہیں کئے جا سکتے ہیں جس پر وفاقی وزیر نے بھی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ گرانٹ صرف ان کھیلوں کی تنظیموں کو جاری کی جائے گی جو سپورٹس پالیسی اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر عمل درآمد کرتی ہیں۔ ڈی جی سپورٹس امیر حمزہ گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسی کی مخالفت کرنے والی کسی تنظیم کو گرانٹ جاری نہیں کی جا سکتی ہے۔ خلیل خان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر سمیت پاکستان سپورٹس بورڈ نہیں چاہتا کہ پاکستان میں کوئی بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد ہوں اسی وجہ سے پانچویں ایشین جوجسٹو اینڈ بیلٹ ریسلنگ چیمپئن شپ کے پاکستان میں انعقاد کے لئے فنڈز جاری کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں کیونکہ پہلے ہی کسی بھی کھیل میں کوئی غیرملکی ٹیم پاکستان آنے کو تیار نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیلوں کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے اور سپورٹس پالیسی کا پاکستان جوجسٹو فیڈریشن پر کوئی اطلاق نہیں ہوتا ہے ہمیں صرف اور صرف انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی پاکستان میں منظور شدہ نیشنل اولمپک کمیٹی کا ساتھ دینے کی سزا دی جا رہی ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن