بہاولپور: جعلی ڈگری کیس میں سابق ایم پی اے ذوالفقار علی کمرہ عدالت سے گرفتار
بہاولپو (نامہ نگار ) جعلی ڈگری کیس میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے حاجی ذوالفقار علی کو کمرہ عدالت میں ہی گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار کرنے کا حکم ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاولپور محمد رشید قمر نے دیا۔ جام شورو یونیورسٹی سندھ کے اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات عدالت کی طلبی پر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے حاجی ذوالفقار علی کی ڈگری کو جعلی قرار دیا۔ عدالت کے حکم پر حاجی ذوالفقار علی کو پولیس نے گرفتار کرکے انہیں ہتھکڑی لگا کر عدالت کے بخشی خانے میں لے گئے۔ بعد ازاں انہیں نیو سینٹرل جیل بہاولپور منتقل کر دیاگیا۔ فاضل جج نے آئندہ سماعت کے لئے 21 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ علاوہ ازیں جعلی ڈگری کیس میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام کی ضمانت منظور کرلی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے خواجہ محمد اسلام کی ضمانت منظور کی۔ خواجہ محمد اسلام کو 47لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔