پی آئی اے کی نجکاری کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں: حاجی عدیل
اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے عبوری صدر و سینٹ میں پارلیمانی لیڈر سنیٹر حاجی محمد عدیل نے وفاقی حکومت کی جانب سے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جزوی نجکاری کے فیصلہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری ہونی چاہئے لیکن ایم سی بی کی طرح نہیں بلکہ شفاف اور واضح انداز میں ہو۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد عدیل نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ملک کی معیشت کو مضبوط اور عوام کو خوشحال کرنے کے ہر اس فیصلہ کی حمایت کرے گی جو عوام الناس کیلئے بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جس طرح سے حکومتوں نے قومی اداروں کو منظور نظر لوگوں کو اونے پونے داموں فروخت کر دیا یہ سلسلہ مستقبل میں بند ہونا چاہئے اور اگر وفاقی حکومت قومی ایئرلائن کی جزوی نجکاری کرنا چاہتی ہے تو عوامی نیشنل پارٹی اس فیصلہ کی حمایت کرتی ہے کیونکہ پی آئی اے مسلسل کافی عرصہ سے خسارہ میں جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ایم سی بی کی طرح پی آئی اے کو منظور نظر لوگوں کو فروخت نہ کرے۔