• news

علامہ اقبال ائرپورٹ کسی طور بین الاقوامی ہوائی اڈہ نہیں لگتا: نرگس سیٹھی

لاہور (خصوصی رپورٹر) سیکرٹری سول ایوی ایشن نرگس سیٹھی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر صفائی کی ناقص صورتحال، مسافروں کے سامان کی چوری اور افسران کی ڈیوٹی کے سلسلے میں غفلت و لاپرواہی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال کو برداشت نہیں کیا جاسکتا اور ذمہ داران کیخلاف تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ وہ گذشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کسی بھی طور پر بین الاقوامی ہوائی اڈہ نہیں لگتا، صفائی کی ناقص صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا صفائی کے انتظامات بہتر نہ ہوئے تو ذمہ داران کو وہ معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا مسافروں کے سامان کی چوری میں ائرپورٹ کے تمام ادارے ملوث ہیں، ملی بھگت سے قیمتی اشیاءنکال لی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا افسروں کے وقت پر آفس نہ آنے کا رویہ برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آئندہ کسی ائرلائن کی پرواز میں بلاجواز تاخیر پر تادیبی کارروائی ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن