• news

سینٹ قائمہ کمیٹی کا نئے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تقرر پر عدم اعتماد کا اظہار

 اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات اور پوسٹل سروسز نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نئے چیئرمین کی تقرری پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے محکمانہ بے ضابطگیوں اور غیر قانونی تقرریوں کے حوالے سے سیکرٹری مواصلات سے آئندہ اجلاس میں رپورٹ طلب کر لی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات اور پوسٹل سروسز کا اجلاس سینیٹر و چیئرمین داﺅد خان اچکزئی کی زیرصدارت ہوا جس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں نئے چیئرمین معروف افضل کی تقرری کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے چیئر مین کمیٹی نے تین رکنی سب کمیٹی قائم کر دی کمیٹی میں ہمایوں مندوخیل، اسلام الدین شیخ، عبدالغفور حیدر شامل ہیں جو این ایچ اے میں اس بات کا تعین کرے گی کہ موجود چیئر مین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تقرری آئین اور قانون کے مطابق ہوئی ہے یا پھر پسند ناپسند کی بنیاد پر تقرر کیا گیا ہے۔ سیکرٹری مواصلات نے کمیٹی کو بتایا کہ محکمانہ تقرریوں میں سنیارٹی کیساتھ ساتھ قابلیت کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ محکمہ اس بات کو مدنظر رکھتا ہے کہ سنیارٹی کا حامل افسر ایڈمنسٹریل معاملات کو بھی اچھے طریقہ سے نبھا سکتا ہے یا نہیں اس پر سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ میں گزشتہ کئی سالوں سے اس کمیٹی کا ممبر ہوں مگر افسران کی جانب سے کبھی بھی تسلی بخش خبر موصول نہیں ہوئی۔ سیکرٹری مواصلات نے کہا کہ محکمے میں بے ضابطگیوں اور غیر قانونی تقرریوں پر آئندہ اجلاس میں رپورٹ بھی پیش کر دی جائیگی۔ 

ای پیپر-دی نیشن