• news

سوات، مالاکنڈ ڈویژن سے فوج کی واپسی کی منظوری، وعدہ پورا کر دیا: پرویز خٹک

پشاور (این این آئی) حکومت خیبر پی کے نے سوات ملاکنڈ ڈویژن سے فوج کی بتدریج واپسی کی اصولی طور پر منظوری دیدی۔ اگلے مہینے سے ضلع شانگلہ اور بونیر سے فوج کے دستوںکی واپسی کاعمل شروع ہو گا۔ اس کے بعد سوات، اپردیر، لوئر دیر سمیت دیگر علاقوں سے بھی فوج کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگا۔ نوشہرہ میں خصوصی بات چیت کے دوران وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا مالاکنڈ ڈویژن سے پاک فوج کے دستوںکی مرحلہ وار واپسی کا عمل اگلے مہینے سے شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا مالاکنڈ ڈویژن میں عسکریت پسندی کیخلاف طویل جنگ میں پاک فوج کے جوانوں، افسروں، پولیس، ایف سی سمیت ہر طبقے کے لوگوں نے قربانیاں اور جانوں کا نذرانہ دیا جن کو پوری قوم قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے آج اس خطے میں امن قائم ہوا اور فوج واپس اپنی بیرکوں میں جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے منشور کا حصہ ہے مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کاحل تلاش کیا جائے۔ ہمیں دوسروں کے مفادات کے بجائے اپنے ملک اور قوم کے مفادات عزیز ہےں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ ہم نے عوام سے حکومتی رٹ کے قیام کا وعدہ کیا تھا۔ اللہ تعالی کے شکرگزار ہےں سوات میں امن قائم ہو چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن