لاہور: 8 ماہ میں 145 لڑکیاں حیوانیت کا نشانہ بنیں، 108 درندے پکڑے جا سکے
لاہور (رپورٹ: میاں علی افضل سے) صوبائی دارالحکومت میں خواتین اور معصوم بچیوں سے زیادتی کے واقعات عروج پر پہنچ گئے، پولیس خواتین کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی۔ 2013کے پہلے8 ماہ میں213 افراد نے 145 لڑکیوں سے جنسی زیادتی کی ان میں سے پولیس صرف 108ملزموں کو گرفتار کر سکی جبکہ 105 ملزموں کو کئی ماہ گزرنے کے باوجود پکڑا نہیں گیا 110افراد نے 32 لڑکیوں کو گن پوائنٹ پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جن میں سے صرف 22 ملزم گرفتار کئے جا سکے جبکہ 88 ملزمان تاحال گرفتار نہیں کئے جا سکے مختلف واقعات میں113معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی کی گئی جن میں ملوث113 میں سے صرف 86 ملزموں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 27 مفرور ہیں لڑکیوں سے زیادتی پر پولیس نے 145 مقدمات درج کئے جن میں سے 31 مقدمات خارج کر دئیے گئے۔ لڑکیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور زیادتی میں ملوث 213 ملزموں کے خلاف صرف 42مقدمات کی تفتیش مکمل ہو سکی ان میں 72 ملزموں کے چالان مکمل کرکے عدالت میں بھیجوائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق سٹی ڈویژن میں گینگ ریپ کی 5 مختلف وارداتوں میں 21 ملزموں نے 5 لڑکیوں سے گن پوائنٹ پر زیادتی کی 5 ملزموں کو گرفتار کیا گیا 2 ملزمان کے چالان بھیجوائے گئے جبکہ وارداتوں میں ملوث 16 ملزموں کو پولیس گرفتار نہیں کر سکی۔ سٹی ڈویرن میں مختلف وارداتوں میں 24لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جن میں ملوث16 ملزموں کو گرفتار کیا گیا اور 14 کے چالان بھیجوائے گئے جبکہ وارداتوں میں ملوث 8 ملزموں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا جبکہ 2 مقدمات خارج کر دئیے گئے صدر ڈویژن میں اجتماعی زیادتی کی 6 وارداتوں میں ملوث 22 افراد نے 6 لڑکیوں کوگن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنایا صرف 1ملزم کو گرفتار کیا گیا جبکہ وارداتوں میں ملوث 21 ملزمان کو گرفتار کرنے میں پولیس تاحال ناکام ایک ملزم کا چالان بھجوایا گیا۔ صدر ڈویژن میں زیادتی کے الگ الگ 24 وارداتوں میں ملوث 24 ملزموں میں سے 19 کو گرفتار کیا گیاجبکہ 5 مفرور ہیں اور 7 مقدمات کو ہی خارج کر دیا گیا 12 ملزموں کے چالان پیش کئے گئے اقبال ٹاون ڈویژن میں اجتماعی زیادتی کی 4 وارداتوں میں ملوث9 افراد نے 4 لڑکیوں کو نشانہ بنایا صرف 2 ملزموں کو گرفتار کیا جا سکا جبکہ 7 تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔ اقبال ٹاون ڈویژن میں مختلف واقعات میں 15 لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ان واقعات میں 13 ملزموں کو گرفتار کیا گیا 2 ملزم گرفتار نہیں کئے جا سکے 11 کے چالان بھجوا دئیے گئے۔ کینٹ ڈویژن میں اجتماعی زیادتی کی 9 وارداتوں میںملوث 34 افراد نے 9 لڑکیوں سے زیادتی کی صرف 9 ملزم گرفتار کئے جا سکے 23 تاحال روپوش ہیں۔ کینٹ ڈویژن میں زیادتی کے الگ الگ وارداتوں میں 31 لڑکیاں حوس کا نشانہ بنیں جن میں ملوث 27 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔