• news

روزانہ رپورٹ دی جائے‘ انسداد دہشت گردی فورس کی تشکیل میں تاخیر ناقابل قبول ہے: نوازشریف

لاہور (بی بی سی+ این این آئی+ آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے۔ ملک و قوم کے دشمنوں سے نمٹنے کیلئے اس فورس کی تربیت پاک افواج کے معیار کی ہونی چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اسلم اور آئی جی پنجاب خان بیگ نے ہفتہ کے روز وزیراعظم محمد نوازشریف سے جاتی امراءرائے ونڈ میں ملاقات کی جہاں دونوں افسران نے وزیراعظم کو ان کی ہدایت کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اس فورس کے قیام کا عمل جلد شروع کیا جائے اور اس میں تاخیر کسی طرح بھی قابل قبول نہیں، انسداد دہشت گردی فورس کے قیام پر پیشرفت پر روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے۔ دریں اثناءوزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور انشاءاللہ ہم دہشت گردی کو ختم کرنے میں کامیاب ہونگے، دہشت گردی کو ختم کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائیگا، حکومت ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنا کر عوامی مسائل کو حل کریگی، سرکلر گارڈن روڈ سمیت تمام اہم شاہراہوں سے تجاوزات کو ختم کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑا، موجودہ حکومت عوام کو ہر شعبہ میں ریلیف دیگی۔ وہ ہفتے کے روز لاہور میں انسداد دہشت گردی فورس کے قیام اور اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے اجلاسوں کی الگ الگ صدارت کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کے حوالے سے اب تک کئے جانیوالے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور صوبے میں دہشت گردی کی روک تھام کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کے حوالے سے بتایا گیا جس پر وزیراعظم نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت کی کوشش کی تعریف کی اور انکو ہدایت کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے انسداد دہشت گردی فورس کا قیام بھی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے قیام میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی اسلئے پنجاب حکومت اس شعبہ میں ہنگامی اقدامات کرے تاکہ جلد از جلد انسداد دہشت گردی فورس کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کو دہشت گردی سے ہر صورت پاک کرنا چاہتی ہے اور ہم دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرینگے تاکہ عوام کو ہمیشہ کے لئے دہشت گردی سے نجات اور امن و سکون میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا تو اس ملک معاشی طور پر بھی مضبوط ہوگا اور زیادہ سے زیادہ غیر ملکی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آئیں گے۔ بعد ازاں وزیراعظم میاں نوازشریف نے اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیراعظم کو لاہور کی اہم سڑکوں اور رنگ روڈ کے حوالے سے بتایا گیا جس پر وزیراعظم میاں نوازشریف نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سرکلر گارڈن روڈ سمیت تمام اہم شاہراﺅں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ٹریفک کی روانگی میں بھی کوئی تاخیر نہ آئے، موجودہ حکومت عوام کو ہر شعبہ میں ریلیف دیگی اور ملک کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن