کالج کے زمانے میں گھر والوں سے چھپ کر کرکٹ کھیلتا تھا : اعزاز چیمہ
کالج کے زمانے میں گھر والوں سے چھپ کر کرکٹ کھیلتا تھا : اعزاز چیمہ
لاہور (حافظ محمد عمران) رواں سال ڈومیسٹک سیزن میں 120 سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ فاسٹ با¶لر اعزاز چیمہ نے کہا ہے کہ وہ محنت سے نہیں گھبراتے اور ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے کے لئے پہلے سے بھی زیادہ محنت کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام ”گیم بیٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ 10 برس ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد قومی ٹیم کے لئے موقع ملا۔ وسیم اکرم‘ وقار یونس اور شعیب اختر شروع سے آئیڈیل رہے ہیں۔ملک میں فاسٹ با¶لنگ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے‘ تینوں طرز کی کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔ ابتدا میں ان کے گھر والے کرکٹ کھیلنے کے زیادہ حق میں نہ تھے۔ البتہ ان کے بڑے بھائی ان کی کافی حوصلہ افزائی کیا کرتے تھے۔ کالج کے زمانے میں وہ گھر والوں سے چھپ چھپ کر بھی کرکٹ کھیلتے رہے۔ لاہور میں تعلیم حاصل کرنے اور یہاں کلب کرکٹ کھیلنے کے باوجود انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں جگہ بنانے کے لئے سرگودھا جانا پڑا۔ ایشیا کپ فائنل میچ کا آخری اوور یادگار ہے۔ مجھے اس فیصلہ کن اوور کے بارے میں پہلے سے محسوس ہو رہا تھا کہ اگر میچ آخر تک گیا تو مجھے آخری اوور کرنا پڑے گا۔ اس لئے میں ذہنی طور پر تیار تھا۔ خوش قسمتی سے کامیاب بھی رہا۔