لوئر مال جھانسہ دیکر غریبوں کے گردے نکالنے والے 6 افراد گرفتار ‘ زنجیروں میں جکڑے7 شہری برآمد
لا ہور (نامہ نگار) لوئرمال پولیس نے ملک پارک کے علاقے میں سادہ لوح افرادکے گردے نکال کرغیرملکی افراد کو بیچنے والے گروہ کے 6 ارکان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے رسیوں اور زنجیروں میں بندھے 7 افراد بازیاب کرا لئے جبکہ گروہ کے سرغنہ سرجن ڈاکٹر فواد ممتاز خان اور شیخ زید ہسپتال کے ڈائیلسز سیکشن کے دو ٹیکنیشنز کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مریدکے کے علاقہ قلعہ سیتا کے رہائشی 20 سالہ محمد وقاص نے تھانہ لوئرمال میں درخواست دی کہ ملزموں احمد یار اور محمد سلیم وغیرہ نے اس کو این جی او سے مفت امداد دلانے اور علاج کے بہانے بلایا اور اسے بےہوش کرکے اس کا گردہ نکال لیا جس پر ایس اےچ اوانسپکٹر بشیر سبحانی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ملزم اشرف عرف نکا کو گرفتار کرلیا۔ اس کے انکشاف پر احمد یار اور محمد سلیم کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے مکان میں قید رسیوں اور زنجیروں میں جکڑے ہوئے 7 افراد انتظار حسین‘ محمد منشا‘ اکرام منظور‘ آصف منظور‘ یوسف رفیق اور امجد بخش وغیرہ کو برآمد کرلیا جنہیں ملزموں نے دھوکے سے بلا کر قید کررکھا تھا اور ان کے گردے نکال کر غیرملکی افراد کو فروخت کئے جانے تھے۔ پولیس ٹیم نے تفتیش کا دائرہ آگے بڑھاتے ہوئے راولپنڈی میںاےک لیب پر چھاپہ مار کر وہاں سے بھی تین ملزموں عمران‘ اشفاق اور غلام جعفرعرف جعفری کو بھی حراست میں لے لیا۔ پولےس کے مطابق گردوں کا آپریشن کرنے والا سرجن ڈاکٹر فواد ممتاز خان وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پکڑے جانے والے ان ملزموں نے انکشاف کیا کہ شیخ زید ہسپتال کی ڈائیلسز کے شعبے میں ٹیکنیشن وسیم اور فرحان بھی ان کی مدد کرتے ہےں اور انکا گروہ اب تک 30 افراد کے گردے نکال کر فروخت کر چکا ہے۔ انسپکٹر بشیر سبحانی کے مطابق اس گروہ کے سرغنہ سرجن ڈاکٹر فواد ممتاز خان اور شیخ زید ہسپتال کے ڈائیلسز سیکشن کے دو ٹیکنیشنز کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔