• news

گناہگار آدمی ہوں‘4 غیرمسلموں کو مسلمان کیا‘ لینڈ کروزر‘ ڈیزل کے لئے ضمیر اور اسلام کا نام بیچنے والوں کا دور گزر گیا: عمران

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے خیبر پی کے سے ظلم کا نظام ختم کر کے دکھائیں گے۔ عوام کی بھلائی پر مبنی مزید قوانین اسی ماہ لائے جائیں گے جبکہ دو دن میں بلدیاتی نظام بھی آ جائیگا۔ لینڈ کروزر اور ڈیزل کیلئے اپنا ضمیر اور اسلام کا نام بیچنے والوں کا دور گزر گیا۔ نیا دور تحریک انصاف کا ہے، چیلنج کرتا ہوں چھ ماہ میں خیبر پی کے اور ملک کے دیگر صوبوں میں فرق صاف ظاہر ہو جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنیالہ، ڈیرہ اسماعیل خان میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ عمران خان نے کہا ہم نظام بدلنے آئے ہیں اور اسے بدل کر دکھائیں گے۔ پٹواریوں اور تھانیداروں کو سیدھا کرینگے۔ صوبے سے ظلم کا نظام ختم کیا جائیگا۔ اسی ماہ عوامی بھلائی کے مزید قوانین لائے جائیں گے جبکہ دو دن میں بلدیاتی نظام بھی آ جائیگا جس کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کرینگے۔ بد قسمتی سے کسی جمہوری حکومت نے بلدیاتی نظام کو پنپنے نہیں دیا۔ پتہ نہیں ایم این اے کیوں ڈیزل کے پرمٹ مانگتے ہیں؟ یہ اپنے لئے مانگتے ہیں یا عوام کیلئے؟ ان کا کہنا تھا میں آج اسلئے یہاں آیا ہوں تاکہ یہاں کے نوجوان اور عوام اپنی حالت بدلنے کی کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے جو لوگ خود اپنی حالت نہ بدلیں میں کبھی ان کی حالت نہیں بدلتا۔ انہوں نے کہا میں گناہنگار آدمی ہوں سب کے سامنے تسلیم کرتا ہوں لیکن پانچ وقت نماز پڑھتا ہوں تاکہ اللہ بہتری کرے۔ میں نے چار غیر مسلموں کو مسلمان کیا ہے۔ کبھی ضمیر بیچ کر اسلام کے نام پر لینڈ کروزر، اقتدار اور پرمٹ نہیں لئے۔ کسی مولانا کو یہ حق نہیں وہ کسی کے اچھا یا برا مسلمان ہونے کا فیصلہ کرے۔انہوں نے کہا اسلام انہی دو نمبر مولویوں سے لوگوں کو آزاد کرانے کیلئے آیا تھا۔ ایمان والے شخص کی نشانی ہوتی ہے وہ پیسے اور خوف کے بت سے نہیں ڈرتا اور آزاد ہوتا ہے۔ اللہ نے اپنے اور انسان کے درمیان کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی۔ دنیا میں جتنے بھی بڑے ولی اللہ اور عالم آئے انہوں نے اپنے اعمال سے لوگوں کو اسلام کی طرف راغب کیا۔ جو لوگ کہتے ہیں تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہو گی یہ ان کی خام خیالی ہے، ہمیں حکومت میں صرف ڈھائی مہینے ہوئے، پنجاب میں مسلم لیگ ن کی چھٹی حکومت ہے اور تیسری دفعہ وزیراعظم بھی ان کا ہے تاہم آج سب کو چیلنج کرتا ہوں چھ مہینے کے اندر اس صوبے میں اور دیگر صوبوں میں فرق صاف ظاہر ہو گا۔ ہماری حکومت میں کوئی کرپشن نہیں کر سکے گا۔ کوئی بھی وزیر، مشیر غلط کام کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اسے نکال باہر کرینگے۔ اوپر سے شروع کرینگے اور آہستہ آہستہ نیچے تک کرپشن کا صفایا کرینگے۔ انہوں نے کہا بیرون ملک پاکستانیوں سے پیسہ لا کر یہاں لگائیں گے۔ میں نو سال کہتا رہا دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری نہیں اس سے الگ ہونا ہو گا لیکن کسی نے نہیں سنی، آج سب سیاسی جماعتیں وہی کہہ رہی ہیں جو میں نو برسوں سے کہتا آ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا امن کے قیام کیلئے مذاکرات کرینگے اور خیبر پی کے جو دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا کے تمام نقصانات کا ازالہ کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن