آل پارٹیز حریت کانفرنس آزادکشمیر نے پگواش کی کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا
راولپنڈی (سلطان سکندر) آل پارٹیز حریت کانفرنس آزادکشمیر نے تنازعہ جموں کشمیر کے بارے میں اسلام آباد میں جاری پگواش کی تین روزہ کانفرنس کے بارے میں شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ (میر واعظ) کے کنوینر سید یوسف نسیم نے دعوت نامہ ملنے کے باوجود اس کانفرنس میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کانفرنس مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے قطعی یکطرفہ ہے بھارت نے اچھی گیم کی کہ اس کانفرنس کو انعقاد سے پہلے ہی یکطرفہ بنا دیا جبکہ پگواش انتظامیہ نے بھی جموں کشمیر کی آزادی پسند قیادت پر بھارت نواز اور پاور پالیٹکس میں شریک قیادت کو ترجیح دی اور کھٹمنڈو میں ہونے والی کانفرنس کے برعکس اس کانفرنس میں نہ تو تحریک آزادی میں شریک کشمیری قیادت کی شرکت کی پیشگی یقین دہانی حاصل کی اور نہ انہیں سفری دستاویزات کی فراہمی کے لئے بھارت پر کوئی دباﺅ ڈالنے کی ضرورت محسوس کی ہے۔ اتوار کے روز یہاں نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کا نمائندہ ہونے کے پیش نظر دعوت دی گئی تھی لیکن اس کے برعکس سید علی گیلانی اور محمد یاسین ملک کے نمائندوں کو دعوت ہی نہیں دی گئی جبکہ تینوں قائدین سفری دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے سری نگر سے اسلام آباد نہیں آ سکتے تھے اور پگواش کو کھٹمنڈو کانفرنس کی طرح ان کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے پیشگی انتظامات کرنے چاہئیں تھے۔ آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کی کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے سوال کے جواب میں سید یوسف نسیم کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے قائدین ”بادشاہ لوگ“ ہیں وہ آزاد خطے میں رہتے ہیں خوش رہیں جو مرضی ہے کر لیں ان کے بارے میں کیا کہیں۔