• news

پاکستان، چین کے اندر تک مار کرنے والے اگنی 5 میزائل کا بھارتی تجربہ میزائل ایک ٹن نیوکلیئر وارہیڈ لے جا سکتا ہے

نئی دہلی(نوائے وقت نیوز+آن لائن) بھارت نے پہلا طویل فاصلے تک مار کرنے والا ایٹمی صلاحیت کے حامل اگنی 5 میزائل کا تجربہ کیا ہے‘ ریاست اڑیسہ میں دوسری مرتبہ اس میزائل کا تجربہ کیا گیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ نے دفاعی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے اتوار کے روز ریاست اڑیسہ کے ساحلی علاقے ویلر آئس لینڈ سے پانچ ہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے اس میزائل کا تجربہ کیا جو پاکستان اور چین کے اندر تک اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کے علاوہ پورٹ تک مار کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں یہ چین میں ایک ٹن نیوکلیئر وارہیڈ کیساتھ بھی اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے تین مراحل پر مبنی اس میزائل کا تجربہ ویلر آئس لینڈ کے لانچنگ کمپلیکس 4 سے کیا گیا اور زمین سے زمین تک مار کرنے والا یہ میزائل ایک ٹن نیوکلیئر وار ہیڈ لے جاسکتا ہے تاہم عینی شاہدین کا کہنا تھا اس تجربے کی کامیابی کا مکمل انحصار مختلف راڈار اور نیٹ ورک سسٹم سے موصول ہونے والے ڈیٹا کے بعد ہی کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا تھا یہ میزائل جدید ٹیکنالوجی سے مزین ہے اس سے قبل سلامتی کونسل کے مستقل ارکان امریکہ‘ چین‘ فرانس برطانیہ اور روس بھی اس طرح کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے تجربات کرچکے ہیں۔ یہ میزائل 17 میٹر لمبا‘ 2 میٹر چوڑا اور تقریباً 50 ٹن وزنی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن