حملے سے اے پی سی نتائج متاثر ہونگے، دشمن چاہتے ہیں فوج فاٹا میں پھنسی رہے: عمران
اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فوج پر حملے سے اے پی سی کے نتائج متاثر ہونگے، پہلے مرحلے میں سیزفائر ہونی چاہئے، جنگ اور امن مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ہمارے دشمن چاہتے ہیں فوج فاٹا میں پھنسی رہے۔ پارلیمنٹ ہاو¿س کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا میجر جنرل ثناءاللہ اور دوسرے شہداءکی شہادت پر بہت دکھ ہے، لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، دہشت گردی کے مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے،9سال جنگ لڑی کامیابی نہیں ملی، ہمارا دشمن نہیں چاہتا مذاکرات ہوں اور مذاکرات کامیاب ہونے پر ملک میں امن واستحکام آئے، ہم دعاکرتے ہیں اللہ پاکستان کو دہشتگردی کے عذاب سے نکالے، دہشتگردی سے پاکستان کو بہت نقصان پہنچ رہا ہے، بات چیت کے لئے سب سے پہلے سیزفائر ہونا چاہئے، مذاکرات میں کوئی بھی چیز آئین سے باہر نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کے خلاف فوج اورپولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوئی آسان حل نہیں، تحریک طالبان نے حملے کرکے زیادتی کی ہے ،اے پی سی میں تمام جماعتیں مذاکرات پر متفق تھیں، اس طرح کے واقعات سے اے پی سی کے نتائج متاثر ہونگے۔ اے پی پی کے مطابق انہوں نے کہا جنگ سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں تاہم اس کیلئے پہلے جنگ بندی ضروری ہے۔