زرداری کی مفاہمتی سیاست نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا:ممتاز بھٹو
میرپور بھٹو(نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ممتاز علی خان بھٹو سے میرپور بھٹومیں مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔ ان کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کی اٹھارہویں ترمیم کو زرداری کا بڑا کارنامہ قرار دیکر عوام کو اتنی آسانی سے بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا زیادہ تر اختیارات پہلے سے ہی صوبوں کے پاس تھے اور بہت کچھ مرکز نے اپنے پاس رکھے ہیں۔ اس قسم کی ترامیم کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔ ممتاز علی بھٹو نے مزید کہا کہ یہ بڑی خطرناک بات ہے کہ سیاستدان دانشور‘ کالم نویس بھی ایسی صورتحال پر واہ واہ کرکے زرداری کی تعریفیں کررہے ہیں۔زرداری کی ایسی مفاہمتی سیاست اور حکمرانی نے ملک کا ہر لحاظ سے بیڑہ غرق کردیا ہے لیکن اس بات کا بھی بڑی خطرہ یہ ہوگیا ہے کہ آئندہ اس بدقسمت ملک کے سیاستدان زرداری کی مفاہمتی پالیسی پر چلتے ہوئے پانچ سال اقتدار کے مزے لینے والی راہ پر گامزن ہونگے۔ ایسی ذات سے بچنے کیلئے عوام کو آنکھیں کھولنا پڑیں گی۔