• news

کراچی: پرتشدد واقعات، تھانیدار سمیت 3قتل، ٹارگٹڈ آپریشن، 40جرائم پیشہ پکڑے گئے

کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز پر تشدد واقعات کے دوران تھانیدار سمیت 3افراد کو قتل کر دیا گیا۔ رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی کے 4رہنماﺅں سمیت 40جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاﺅن کے علاقے تیرہ نمبر بنگلہ بازار میں موٹر سائیکل سوار 2افراد نے فائرنگ کر کے پیر آباد تھانہ کے سب انسپکٹر محد بخش جتوئی کو قتل اس کے 20سالہ بیٹے کاشف کو شدید زخمی کر دیا۔ اسی علاقے کے سیکٹر 11میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 35سالہ کے ایم سی ملازم محمد اقبال ہلاک ہو گیا۔ ادھر سرجانی ٹاﺅن میں ناردرن بائی پاس کے قریب فائرنگ سے 38سالہ آصف دم توڑ گیا۔ دریں اثناءشہر کے مختلف علاقوں میںرینجرز نے کارروائی کے دوران سنگین جرائم میں ملوث ایک اہم ملزم سمیت 35 افراد کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن میں 500 سے زائد خواتین اور مرد رینجرز اہلکاروں نے شرکت کی۔ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق بابا لاڈلہ کے گھر پر بھی چھاپہ مارگیا۔ تاہم بابالاڈلہ کی گرفتاری کو عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ جبکہ لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی کارروائی میں سنگین جرائم میں ملوث ایک اہم ملزم سمیت متعدد مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے آپریشن کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی کے چار رہنماﺅں کو اسلحہ اور دیگر آلات سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ شاہد حیات نے بتایا کہ گرفتار ملزموں اصغر، ابو قاسم، صدیق اکبر اور انیس شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو دہشت گردی کے لئے افغانستان میں ٹرینگ دی جاتی ہے۔ ملزمان پولیس اہلکاروں سمیت کئی بم دھماکوں اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، بابیرنگ، ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سمیت دیگر آلات برآمد ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن