پگواش کانفرنس میں کشمیر سے فوجی انخلا کی ضرورت پر زور
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پگواش کانفرنس میں ریاست جموں کشمیر سے فوجی انخلاءکی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کانفرنس میں جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کی غیر ملکی دورے پر روانگی کے پیش نظر قائم مقام امیر نور الباری نے بھی شرکت نہیں کی۔ آج کانفرنس کے آخری روز صبح کے سیشن میں وفاقی وزیر پلاننگ وڈویلپمنٹ چوہدری احسن اقبال اور بعد دوپہر کے سیشن میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ قومی سلامتی سرتاج عزیز شرکت کریں گے۔ گزشتہروز کانفرنس کی صدارت ممتاز عسکری دانشور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طلعت مسعود نے کی اور مقبوضہ وآزاد کشمیر پاکستان اور بھارت سے پہلے روز کے شرکاءکے علاوہ جموں کشمیر لبریشن لیگ کے صدر چیف جسٹس ر عبدالمجید ملک نے شرکت کی۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم ختم کرنے اور فوجی انخلاءکی ضرورت پر زوردیا اور کہا مقبوضہ کشمیر کے پولیس چیف کی طرف سے 200-180 مجاہدین کی موجودگی کے بیان کے پیش نظر وہاں اتنی بڑی فوج رکھنے کی ضرورت نہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے زیراہتمام رائے شماری کرانے کیلئے فوجی انخلاءضروری ہے۔ شاہ غلام قادر کا کہنا تھا، وادی نیلم میں 14سال سرحدی فائرنگ ہوتی رہی، حال ہی میں چار افراد کو لے جا کر قتل کر دیا گیا۔ پرویز مشرف دورمیں بھی فوجی انخلاءکی بات ہوئی تھی مگر اس پر عمل نہیں کیا گیا کیونکہ اس کیلئے نیت اور ارادے کی ضرورت ہے مقررین کا کہنا تھا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں رائے شماری کیلئے ڈی ملٹرائزیشن ضروری ہے تاہم یہ تب ہی ممکن ہے کہ رائے شماری کیلئے دونوں ممالک اور کشمیری تیار ہوں۔