الطاف کروڑوں عوام کے قائد ہیں، پراپیگنڈا ان سے دور نہیں کر سکتا: شمائلہ عمران
لندن+ کراچی (این این آئی+ آئی این پی) ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ عمران نے کہا ہے کہ الطاف حسین کروڑوں عوام کے قائد ہیں اور کسی بھی طرح کا پروپیگنڈا عوام کو ان سے دور نہیں کرسکتا۔ انہوں نے یہ بات لندن میں ایم کیو ایم یو کے کے زیراہتمام ڈاکٹر عمران فاروق کی تیسری برسی کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر انکے دونوں بیٹے عالیشان اور وجدان بھی ساتھ تھے۔ شمائلہ عمران نے انٹرنیشنل میڈیا میں الطاف حسین کے بارے میں رپورٹس کے بارے میں کہا کہ الطاف بھائی کے خلاف جتنے پروپیگنڈے کئے جارہے ہیں ان کی مقبولیت میں اتنا ہی اضافہ ہو رہا ہے۔ سازشیں کرنے والے الطاف بھائی کے خلاف کیسی ہی سازشیں کیوں نہ کرلیں وہ اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ایم کیو ایم مظلوموںکی تحریک ہے۔ اس موقع پر شمائلہ عمران اور انکے بیٹوں نے ” الطاف ....جئے الطاف “ کا نعرہ بھی لگایا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کی وفاداری پر شک نہیں کیا جا سکتا ، ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ عمران فاروق علیحدہ جماعت بنانا چاہتے تھے۔ ان کی وفاداری پر شک نہیں کیا جا سکتا، وہ وفادار اور پارٹی کے ساتھ مخلص تھے۔ ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ عمران فاروق علیحدہ آزاد جماعت بنانا چاہتے تھے۔ ڈاکٹر عمران فاروق کے والد نے کہا کہ 3سال پہلے سکاٹ لینڈ یارڈ نے ہم سے پوچھا تھا کہ آپ کو کسی پر شک ہے تو ہم نے کہا کہ ہمیں کسی پر کوئی شک نہیں ہے۔ مجھ سے الطاف کے اس قتل میں ملوث ہونے کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔