قائداعظم ریذیڈنسی کی فلم چلانے پر نجی ٹی وی چینل کے سی ای او کو کل سپریم کورٹ پیش کرنے کا حکم
کوئٹہ(بیورو رپورٹ)سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچ بدامنی کیس کی سماعت ہوئی چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نجی ٹی وی پر قائد اعظم ریذیڈنسی کی قومی تشخص کے منافی فلم چلانے پر نجی ٹی وی چینل کے سی ای او سلمان اقبال کو 18ستمبر کو عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کئے سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہاکہ نجی ٹی وی کے سی ای او عدالت کی تعظیم نہیں کررہے انہیں پاسپورٹ کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے چیئرمین پیمرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 22اگست کو پیمراکے اجلاس میں نجی ٹی کو 40لاکھ روپے جرمانہ جبکہ 5شخصیات جن میں مبشر لقمان صدر عبدالجبار ڈاکٹر دانش زاہد حامد اور فیصل رضا عابدی شامل ہیں ان کو کسی بھی ٹی وی چینل پر آنے کی پابندی سے متعلق عملدرآمد کرائے جانے کے بارے میں تجاویز دی گئیں سی ای او کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل ملک سے باہر ہیں اور انہیں عدالت میں پیش ہونے کیلئے وقت درکار ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں بلوچستان بدامنی کیس کے سماعت کیلئے جب بلوچستان ہائیکورٹ پہنچے تو پولیس کے چاک وچوبند دستے نے ان کو سلامی پیش کی اس موقع پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے تھے بلوچستان ہائیکورٹ کی بلڈنگ کے باہر ایف سی پولیس اور دیگر حساس ادارے کے اہلکار موجود تھے ۔