• news
  • image
  • text

کراچی : تشدد جاری‘ متحدہ کے 4 کارکنوں سمیت 7 قتل‘ 27 جرائم پیشہ گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر + ایجنسیاں) کراچی میں منگل کے روز ٹارگٹ کلنگ اور پرتشدد واقعات میں متحدہ کے 4 کارکنوں سمیت 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے۔ رینجرز نے ٹارگٹڈ آیریشن کے دوران مزید 27 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے کٹی پہاڑی میں گذشتہ دوپہر بسم اللہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے گاڑیوں کے سروس سنٹر پر فائرنگ کر دی جس سے متحدہ قومی موومنٹ کے مقامی عہدیدار پرویز عالم، انکے ساتھی ندیم، جبار اور ریاض گڈو ہلاک ہو گئے۔ واقعہ کے بعد اورنگی میں شدید کشیدگی پھیل گئی، مشتعل افراد نے دکانیں بند کرا دیں۔ ادھر ماڑی پور کے علاقے مشرف کالونی میں متحدہ کے 2 کارکن ذیشان اور مستقیم کو قتل کر کے نعشیں پھینک دی گئیں، انہیں 6 روز قبل اغوا کیا گیا۔ مقتولین کے اہل خانہ کے مطابق دونوں نوجوانوں کو پولیس نے جعلی مقابلے میں ہلاک کیا۔ علاوہ ازیں ماڑی پور کے علاقے میں سینڈز پٹ پر 30 سالہ شخص کی نعش ملی جس کی شناخت نہ ہوسکی۔ اسی ملیر میں کالا بورڈ کے قریب فائرنگ سے محمد سلیم اور محمد شاہد شہید ملت روڈ پر فائرنگ سے ساجد طیب زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب کراچی میں رینجرز اور پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں اور اس دوران مزید 30 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق چنیسر گوٹھ، شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، رشید آباد، داد شورا گوٹھ، تیسر ٹاؤن، نارتھ کراچی، قائداعظم کالونی اور نارتھ ناظم آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 19 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ اسی طرح بغدادی پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث 8 افراد کو حراست میں لے لیا۔

epaper
کراچی: ایدھی کے رضاکار ایم کیو ایم کے کارکن کی میت لیکر ہسپتال آرہے ہیں دوسری طرف مقتول کی والدہ رو رہی ہے

ای پیپر-دی نیشن