• news

امن مذاکرات کیلئے ابھی کسی نے رابطہ نہیں کیا‘ فوج پر حملے جاری رکھیں گے : ترجمان طالبان

اسلام آباد (اے ایف پی/آن لائن) پاکستانی طالبان نے کہا ہے کہ وہ اب بھی فوج کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں کیونکہ امن مذاکرات ابھی شروع نہیں ہوئے اور فوج انکے خلاف کئی محاذ کھولے ہوئے ہے۔ تحریک طالبان کے مرکزی ترجمان شاہد اللہ شاہد نے نامعلوم مقام سے ٹیلیفون پر فرانسیسی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ جنگ جاری ہے یہ حکومت نے شروع کی تھی اور اسے ہی ختم کرنا ہوگی۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اپر دیر واقعہ نے مجوزہ مذاکرات کو خطرے میں ڈالدیا ہے۔ ترجمان طالبان کاکہنا ہے کہ ہم مزید حملے کرینگے کیونکہ امن مذاکرات کے حوالے سے سرکاری طور پر ابھی کسی نے رابطہ نہیں کیا حتیٰ کہ قبائلی جرگہ نے بھی ہم سے ملاقات نہیں کی۔ شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ اگر حکومت ہی جنگ کو ختم کرنا چاہتی ہے تو اسے سیزفائر کا اعلان کرنا ہوگا۔ ترجمان طالبان نے کہا کہ فوج پر آئندہ بھی حملے کا کوئی موقع نہیں جانے دینگے۔

ای پیپر-دی نیشن