کامن ویلتھ گیمز میں شرکت نہ کرنے کی ذمہ دار پی ایچ ایف ہے : عارف حسن
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کا کہنا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی ٹیم کی شرکت نہ کرنے کی ذمہ داری پاکستان ہاکی فیڈریشن پر عائد ہوتی ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو دولت مشترکہ گیمز میں شامل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن پی ایچ ایف حکام انتظامیہ نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی تمام کوششوں کو ضائع کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز کی انتظامیہ سے اپیل کی جائے گی کہ وہ مسئلے کا کوئی حل نکالے تاکہ قومی کھیل میگا ایونٹ سے محروم نہ رہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے پاکستان میں این او سی کے معاملات کے حل کے لئے بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ اور پاکستان میں آئی او سی کے نمائندے سید شاہد علی کو دعوت دی ہے ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس اجلاس میں معاملے کا حل نکل آئے۔ عارف حسن کا کہنا تھا کہ ابھی تک ہماری کوشش سے ہی پاکستان پر پابندی عائد نہیں ہوئی ہے جس کی کوشش میں بعض لوگ سرگرم رہے ہیں۔