پی سی بی معاملات ججوں نے چلانے ہیں یا بورڈ نے فیصلہ جلد کرنا ہو گا: نجم سیٹھی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ میں بے اختیار چیئرمین ہوں، کرکٹ بورڈ کے معاملات ججوں نے چلانے ہیں یا پھر بورڈ نے اس بات کا جلدازجلد فیصلہ کرنا ہوگا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران چیئرمین کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو قیادت سے ہٹانے کا کوئی امکان نہیں ہے، میں ان کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ ہارجیت کھیل کا حصہ ہے کسی ایک میچ کی شکست سے ناقص کارکردگی کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات کی بہتری کا ٹاسک دیا ہے اگر بھارت گیا تو اس معاملے پر بات آگے بڑھانے کی کوشش کرونگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سہ فریقی سیریز کے انعقاد کی باتیں ابھی افوا ہیں، اگر ایسا ہو جائے تو بہت اچھا ہے کیونکہ اس سے بورڈ کو مالی فائدہ بھی ہو گا۔ پاکستان کرکٹ کے زیادہ تر معاملات عدالتوں میں ہیں جس کی وجہ سے اکثر کام تعطل کا شکار ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزارت کھیل نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے لیکن عدالت کی چھٹیوں اور اب جج کی حج پر روانگی کی وجہ سے کیس تعطل کا شکار ہوتا جا رہا ہے جب تک بااختیار چیئرمین نہیں ہوں گا کرکٹ معاملات میں بہتری نہیں لائی جا سکتی ہے۔ دورہ زمبابوے کے حوالے سے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹیم منیجر پہلے ہی بیان دے چکے ہیں کہ وہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ایسے میں میں کچھ کہنے کے لئے باقی نہیں رہ جاتا۔ اگلے ماہ امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف منعقد ہونے والی سیریز کے لئے پاکستان ٹیم کا اعلان 8 سے 10 روز میں کر دیا جائے گا۔