شام کے کیمیائی ہتھیار ‘ روس امریکہ معاہدہ خوش آئند ہے خونریز تصادم ختم ہو جائے گا: پاکستان
نیویارک(اے این این) پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق معاہدے سے شام میں خونریز تصادم ختم ہو جائے گا اور سلامتی کونسل میں تعطل کے خاتمے کے لئے راہ ہموار ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ شام کے کیمیائی ہتھیاروں کے حوالے سے امریکہ اور روس کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے۔ امید ہے کہ اس معاہدے پر عملدرآمد سے نہ صرف شام میں خونریز تصادم کا خاتمہ ہو گا بلکہ سلامتی کونسل میں تعطل کے لئے بھی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ روس کی طرف سے جس جذبے اور اتفاق رائے کا اظہار کیا گیا ہے اگر وہ برقرار رہے تو ہم توقع کر سکتے ہیں کہ جمود ٹوٹ جائے گا اور نہ صرف کیمیائی ہتھیاروں کا مسئلہ بلکہ شام میں جنگ اور امن کے معاملات بھی حل ہو جائیں گے۔